نوشکی پولیس کی کھلی کچہری عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مو ثر اقدامات
ایس پی نوشکی سلیم شاہوانی کی سربراہی میں صدر تھانہ نوشکی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پولیس افسران،انجمن تاجران اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکائنے منشیات فروشی ، پولیسنگ، امن و امان اور دیگر عوامی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے موثر کارروائی کرنے پر زور دیا۔ ایس پی نوشکی سلیم شاہوانی نے شہریوں کی شکایات سنیں اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے فوری اقدامات کیے جس سے کئی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا گیا۔اس موقع پر ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سمیت پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ایس پی نوشکی سلیم شاہوانی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ان کے مسائل کا حل پولیس کی اولین ترجیح ہے کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں۔