Category: انٹرٹینمنٹ

  • ایشوریہ رائے کا گانا بھارت کی نصابی کتاب میں شامل، نیا تنازع سامنے آگیا

    ایشوریہ رائے کا گانا بھارت کی نصابی کتاب میں شامل، نیا تنازع سامنے آگیا

    بھارت کی ریاست اڑیسہ میں آٹھویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی ووڈ فلم کے معروف گانے ’’نمبوڑا نمبوڑا‘‘ کو شامل کیے جانے پر شدید تنازع سامنے آگیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کتاب کے صفحات وائرل ہونے کے بعد والدین، اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم نے نصاب کی تیاری پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکام سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تیار کی گئی آٹھویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی کتاب ’’کیرتی‘‘ کے ایک باب میں 1999 کی بالی ووڈ فلم ’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ کے مقبول گانے ’’نمبوڑا، نمبوڑا‘‘ کے مکمل بول شائع کیے گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کتاب میں اس گانے کو راجستھانی لوک گیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، حالانکہ یہ فلم میں اداکارہ ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا۔

     

    رپورٹس کے مطابق صرف یہی نہیں بلکہ فلم ’’مشن کشمیر‘‘ کا معروف گانا ’’رند پوش مال‘‘ بھی اسی نصابی کتاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے سوال اٹھایا کہ اڑیسہ جیسی ثقافتی طور پر مالا مال ریاست میں مقامی لوک ورثے کو فروغ دینے کے بجائے بالی ووڈ کے فلمی گانوں کو نصاب میں کیوں شامل کیا گیا۔

     

    تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ نئی نصابی کتابوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 678 غلطیاں موجود ہیں۔ اس انکشاف کے بعد ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

    صورتحال سنگین ہونے پر اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن مانجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT) کے سینئر افسران کو معطل کر دیا، جبکہ مزید چھ افسران کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا حکم بھی جاری کر دیا گیا۔

    ریاستی حکومت نے مستقبل میں ایسی کوتاہیوں سے بچنے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی نے نصابی کتابوں کی جانچ پڑتال کے مؤثر نظام کے لیے ’’کوالٹی ایشورنس سیل‘‘ قائم کرنے کی سفارش بھی کی ہے تاکہ آئندہ تعلیمی مواد کی تیاری میں اس نوعیت کی غلطیوں کو روکا جا سکے۔

  • نامناسب تصاویر لینا بند کریں: نیہا دھوپیا پاپارازی پر برہم

    نامناسب تصاویر لینا بند کریں: نیہا دھوپیا پاپارازی پر برہم

    بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نے پاپارازی کی جانب سے نامناسب انداز میں تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایسی حرکتوں سے باز رہنے کی تلقین کی ہے۔

    ممبئی میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران نیہا دھوپیا براہِ راست فوٹوگرافروں کے پاس گئیں اور کہا کہ بدتمیزی سے بیک شاٹ کون لیتا ہے؟ یہ مت کیا کریں، نہ میرے ساتھ اور نہ ہی کسی اور کے ساتھ، ہم یہ بات بار بار کہہ کر تھک گئے ہیں، ہم باہر آتے ہیں اور آپ لوگ اس طرح کی ویڈیوز بناتے ہیں۔

    نیہا کا یہ ردِعمل ان کی حالیہ ایک وائرل ویڈیو کے بعد سامنے آیا، جس میں انہیں ٹریک پر دوڑتے ہوئے فلمایا گیا تھا۔

    اداکارہ سوناکشی سنہا نے بھی نیہا کی حمایت کرتے ہوئے وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں لکھا ویل ڈن نیہا۔

    چند روز قبل سوناکشی سنہا بھی ممبئی کے ایک ریسٹورنٹ کے باہر پاپارازی کے رویے سے نالاں دکھائی دی تھیں، وہ اپنے شوہر ظہیر اقبال اور والد کے ہمراہ موجود تھیں، جہاں انہوں نے ہاتھ جوڑ کر کہا تھا کہ بس، گائز شکریہ، گڈ نائٹ! تاہم اس کے باوجود کیمرے ان کا تعاقب کرتے رہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی بھارتی اداکار نے پاپارازی کی جانب سے نجی زندگی میں مداخلت یا نامناسب زاویوں سے تصاویر لینے پر اعتراض کیا ہو۔ اس سے قبل سلمان خان، جھانوی کپور، پلک تیواری اور زرین خان بھی اس معاملے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کر چکے ہیں۔

  • توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی سوشل میڈیا پر نکاح کی زیرِ گردش خبروں کی تردید

    توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی سوشل میڈیا پر نکاح کی زیرِ گردش خبروں کی تردید

    حال ہی میں فرح سعدیہ اور توثیق حیدر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ بعض یوٹیوبرز محض زیادہ ویوز اور سنسنی پھیلانے کے لیے ایسی بے بنیاد خبریں نشر کر رہے ہیں۔

     

    اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ تو ہم خوشی خوشی شادی کر چکے ہیں، ہم خود یہ خبر آپ تک پہنچانا چاہتے تھے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے نام نہاد پیشہ ور اور نہایت محنتی یوٹیوبرز نے پہلے ہی یہ خبر بریک کر دی۔

     

    توثیق حیدر نے مزید کہا کہ جب میں صبح اٹھا تو معلوم ہوا کہ میری فرح سے شادی ہو چکی ہے، شادی کی تصویر بھی کمال کی تھی، میں بڑا خوبصورت دلہا لگ رہا تھا اور ہمیں دلہا دلہن بنا کر پیش کیا گیا تھا، اگر آپ نے اس خبر سے 2 لاکھ روپے کما لیے ہیں تو کم از کم 50 ہزار روپے سلامی ہی بھیج دیں، آخر آپ ہماری وجہ سے اتنی آمدنی حاصل کر رہے ہیں، تو یہ ایک اچھا کاروباری معاہدہ بھی ہو سکتا ہے۔

     

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنی زندگی سے خوش ہیں، میں نے غیر شادی شدہ رہ کر یہ سیکھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے، جبکہ فرح نے شادی کے بعد یہ سیکھا کہ یہ ہمارے لیے موزوں نہیں۔

     

    فرح سعدیہ نے بھی اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ خبر سن کر حیران رہ گئی، مجھے یقین ہی نہیں آیا، انہیں ہمیں بھی سلامی دینی چاہیے کیونکہ وہ ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں چلا کر اپنے چینلز چلا رہے ہیں، یہ مناسب طرزِ عمل نہیں ہے۔ ہماری فیملیز، بچے اور والدین ہیں اور لوگ ہم سے اس حوالے سے سوالات کرتے ہیں۔

     

    انہوں نے کہا کہ خدارا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، دوسروں کی ذاتی زندگیوں کے بجائے اپنی زندگی پر زیادہ توجہ دیں، ہم اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے