وزیراعظم کا کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے پر عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے حتی المقدور وسائل فراہم کرنے کا اعلان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے پر عملدرآمد کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے حتی المقدور وسائل فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو شفافیت اور تندہی سے مکمل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، آئندہ ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کریں گے ،مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس تعمیر کیا جا رہا ہے، پاکستان کی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گی ،پاکستان کے عوام اور حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ وہ بدھ کو یہاں آزاد جموں وکشمیر کے لیے 100 دن کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز موجود تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے پہلے 100 دن کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے صحت، تعلیم، سیاحت، ٹرانسپورٹ، رہائش اور نوجوانوں کی ترقی کے اقدامات کا اعلان کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ محمد نواز شریف کی عظیم قیادت میں ایک مرتبہ پر آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا اظہار کرنے اور آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کا موقع فراہم کرنے پر سب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج ہم مظفرآباد میں اکٹھے بیٹھ کر عوام کی ترقی کے ایجنڈے پر بات کر رہے ہیں اور بہت جلد اس پر عملی کام شروع ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے عظیم شہدا کو خراج عقیدت اور بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیری رہنماﺅں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کشمیری عوا م کی یہ عظیم قربانیاں انشا اللہ بہت جلد رنگ لائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں اور بہنوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے جب تک کہ انہیں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ان کے حقوق نہیں مل جاتے۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی کے سفر میں شریک رہنے، اس کا آغاز کرنے اور اس مقصد کے لیے درکار وسائل وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ مل کر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، آج یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ اس وعدے کو عملی شکل دینے کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم آزاد کشمیر اعلان کردہ منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ منصوبوں کے حوالے سے صرف آغاز کی تاریخیں مقرر کرنا کافی نہیں بلکہ ان کی تکمیل اور عوام کو عملی فوائد کی فراہمی کے لیے بھی واضح ٹائم لائنز طے کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی اصل اہمیت اس وقت سامنے آتی ہے جب وہ مکمل ہوں اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت قائد مسلم لیگ (ن)کی ہدایات کے مطابق آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے حتی المقدور تمام مطلوبہ مالی وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر، صدر آزاد کشمیر اور کابینہ کو یقین دلایا کہ عوامی منصوبوں کو پوری شفافیت اور محنت کے ساتھ شروع اور مکمل کرنے کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وسائل کے انتظام کے حوالے سے بڑی محنت کی ہے، وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے بھی انتخابات کے دوران اور اس کے بعد بھرپور کردار ادا کیا جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، رانا ثنا اللہ اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی کوششیں کیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی اس سلسلے میں بھرپور تعاون کیا جس پر وہ سب کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں دانش سکولوں کے قیام اور تعلیمی سہولیات کے حوالے سے بتایا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کیا جائے گا جو پنجاب میں محمد نواز شریف کی قیادت میں قائم کیے گئے ماڈل کے مطابق ہوگا۔ ان سکولوں میں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی لیبارٹریز بھی قائم کی جائیں گی اور بہترین اساتذہ کے ذریعے تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن)کی ہدایات کے مطابق آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی دانش سکولوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جو ایک شاندار تعلیمی مرکز ہوگا۔وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے جو اس وقت عوامی خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہے، آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے یہ مرکز پاکستان کو بطور تحفہ دیا تھا۔ اسی طرز کا آسان خدمت مرکز آزاد کشمیر میں بھی قائم کیا جائے گا جہاں شہریوں کو شناختی کارڈ، پولیس، صحت اور دیگر امور سے متعلق سہولیات ایک ہی جگہ فراہم ہوں گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ آزاد کشمیر میں ویمن سپیشل ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے ۔وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے پاکستان کی سیاسی قیادت کو مظفرآباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، ان کے لیے ایک مضبوط پاکستان ہی آزادی کی جدوجہد کا ضامن ہے اور انہیں خوشی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران آزاد کشمیر میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں، جس کے باعث عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد متاثر ہوا۔ اسی پس منظر میں پہلے 100 دن کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے محض اعلانات تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان پر عملی کام شروع ہو اور عوام کو ان کی تکمیل نظر آئے تاکہ انہیں احساس ہو کہ حکومت عام آدمی کے لیے کام کر رہی ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے صحت کے شعبے میں تین کیتھ لیبز، دو سٹروک سینٹرز، بنیادی مراکز صحت(بی ایچ یوز)کی اپ گریڈیشن اور پنجاب کے ماڈل کے مطابق کلینک آن ویلز سروس کو پہلے 100 دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ستھرا کشمیر منصوبے پر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ اپنی چھت، اپنا گھر سکیم پر بھی پہلے 100 دن کے دوران عملی کام کا آغاز ہوگا۔انہوں نے سیاحت کے فروغ کے لیے محکمہ سیاحت کے زیرانتظام سرکاری گیسٹ ہاﺅسز کو آئندہ چھ ماہ میں جدید خطوط پر استوار کرنے اور مظفرآباد سمیت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی تین ماہ کے اندر خوبصورتی کے منصوبے مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میرپور اور مظفرآباد میں گرین بس سروس شروع کی جا چکی ہے جبکہ آئندہ 100 دن میں مزید چھ شہروں تک اس سروس کو وسعت دی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سرکاری جامعات کے طلبہ اور ملک کی ممتاز نجی جامعات میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند مستحق طلبہ کے لیے دو الگ الگ وظائف کی سکیمیں پہلے 100 دن میں شروع کی جائیں گی۔ ان سکیموں کا مقصد ایسے باصلاحیت طلبہ کی معاونت کرنا ہے جو مالی وسائل کی کمی کے باعث معیاری اور اعلی تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کے لیے ہنرمندی کے فروغ کا پروگرام شروع کرنے اور انہیں روزگار کے قابل بنانے کے ساتھ کاروبار کے آغاز کے لیے قرضوں کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جن تین شہروں میں گرین بسیں چلائی جائیں گی، ان کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی پہلے 100 دن میں مکمل کیا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے اہم سیاحتی مقامات تک سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔سید افتخار علی گیلانی نے کہا کہ میرٹ پر بھرتیوں، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی شعبے میں بہتری کے ذریعے عوام کا حکومت پر اعتماد بحال کیا جائے گا۔ عوام کو حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر اسے جانچنے کا موقع ملنا چاہیے