سبی سے مبینہ طور پر اغوا کی گئی اقلیتی لڑکی نے اپنی مرضی سے اسلام قبول اور کورٹ میرج کی، وزیر داخلہ بلوچستان
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ سبی سے مبینہ طور پر اغوا کرکے سندھ لے جانے کے معاملے میں حقائق جانے بغیر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے معاملے سے متعلق ڈیٹا فراہم کر دیا گیا ہے۔بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ اقلیتی لڑکی کے معاملے پر کسی کو مکمل حقائق کا علم نہیں، لڑکی کی عمر 14 سال نہیں بلکہ 18 سال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی نے اپنی مرضی سے لاڑکانہ میں اسلام قبول کیا اور کورٹ میرج کی ہے۔میر ضیاءاللہ لانگو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اس حوالے سے ضروری معلومات اور ڈیٹا فراہم کیا ہے، جبکہ بلوچستان پولیس کی ٹیم آج بھی متعلقہ مقام پر موجود ہے اور معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ لڑکی نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا ہے اور اپنی مرضی سے شادی کی ہے۔ انہوں نے ایوان کو معاملے کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھا جا رہا ہے۔