بلوچستان،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں چار دہشتگرد مارے گئے ، پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جام شہادت نوش کیا جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کےلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ،قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے، دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا جس میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق آئی ای ڈی کے دھماکے میں میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا، جن کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے، سیکیورٹی فورسز نے جتک آباد میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش اور ضلع گوادر کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے وطنِ عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے میجر وجاہت وحید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔صدرِ مملکت نے ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی مسلسل قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشنز میں 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین اورپسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ،قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔وزیراعظم نے شہید میجر کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ۔انہوں نے اپیکس کمیٹی کے وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرست یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کیا ۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات اور پسنی میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ میجر وجاہت وطن عزیز کے امن کے لیے جان نچھاور کر کے ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہید میجر وجاہت سمیت تمام شہدا کے لہو کا ہر قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید میجر وجاہت ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور ان کی اس عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔