dailyalraziquetta1.8
daily alrazi newspaper breaking urdu news quetta

صدر ، وزیراعظم شہبازشریف کی پاکستان کے 79ویں یوم آزادی پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یومِ آزادی پر اپنی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے شہداءکو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ،خطے میں مذاکرات کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کا کردار بھی اسی ذمہ داری کی ایک اہم مثال ہے،تنازعات چاہے کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں، بالآخر انہیں مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے،پاکستان جموں و کشمیر کے تنازع کے پ±رامن حل کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنی حمایت جاری رکھے گا،عوام کی جمہوری خواہش کے نتیجے میں وجود میں آنے والے پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا، ہماری بہادر افواج نے ہر مشکل میں، دشمن کے ہر وار کے جواب میں مادر وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے۔پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر میں اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ 14 اگست وہ دن ہے جب ہم ان قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا،ہم قائداعظم محمد علی جناح، تحریکِ پاکستان کے رہنماو¿ں اور کارکنوں، اور ان تمام لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد میں اپنے گھر بار اور روزگار تک چھوڑ دئیے لیکن آزادی صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے جسے ہر نسل کو آگے بڑھانا ہے، عوام کی جمہوری خواہش کے نتیجے میں وجود میں آنے والے پاکستان کو مزید مضبوط، محفوظ اور خوشحال بنانا ہوگا،ہماری ذمہ داری صرف یہ یاد رکھنا نہیں کہ پچھلی نسلوں نے کیا حاصل کیا بلکہ اپنی محنت سے اس میں مزید اضافہ کرنا بھی ہے۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال نے ہمیں پاکستانی قوم کی طاقت کا احساس دلایا ہے،معرکہ حق نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع کے عزم اور صلاحیت سے بھی مالا مال ہے، طاقت کا اصل سبق ذمہ داری کا سبق ہے، جو ملک اپنا دفاع کر سکتا ہے، اسے اپنی طاقت کو تنازع سے بچنے، امن کے تحفظ اور اپنے عوام کے مفادات کے لیے بھی استعمال کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ آج ہمیں جو امن اور استحکام حاصل ہے، اس کے لیے بڑی قیمت ادا کی گئی ہے۔ اس یومِ آزادی پر ہم اپنی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ ان کی بہادری اور عزم نے بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خطرے سے ہماری قوم کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستانی قوم ان کی خدمات کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔انہوںنے کہاکہ خطے میں مذاکرات کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کا کردار بھی اسی ذمہ داری کی ایک اہم مثال ہے۔ پاکستان نے ایسے وقت میں، جب وسیع تر تنازع کے خطے اور دنیا پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے تھے، اپنے رابطوں، جغرافیائی محلِ وقوع اور سفارتی اثر و رسوخ کو مو¿ثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی حوصلہ افزائی کی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا مو¿قف واضح ہے،ہمارا یقین ہے کہ تنازعات چاہے کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں، بالآخر انہیں مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، ہماری سلامتی ہمارے پڑوس اور پوری دنیا کے امن اور استحکام سے جڑی ہوئی ہے۔ پاکستان کشیدگی کم کرنے، علاقائی استحکام کے تحفظ اور تعاون کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوںنے کہاکہ یہ وقت ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ دینے اور ان کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کا بھی ہے جو پاکستان کے مستقبل کا تعین کریں گے۔ ہمیں اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہو گا، نوجوانوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے ہوں گے، تعلیم اور ہنر کو بہتر بنانا ہو گا اور گورننس، معیشت اور معاشرے میں اصلاحات کے ذریعے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ ترقی اور جمہوریت کے ثمرات ملک کے ہر حصے اور ہر طبقے تک پہنچ سکیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے نوجوان ہیں۔ ملک بھر اور دنیا کے مختلف حصوں میں وہ سائنس، ٹیکنالوجی، کاروبار، تعلیم اور تخلیقی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ انہیں وہ تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کریں جن کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ آج نوجوانوں پر سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔انہوںنے کہاکہ عام پاکستانیوں کے لیے قومی ترقی کو عملی بنیادوں پر پرکھا جاتا ہے،اس کا مطلب ہے کہ ایک نوجوان کو اپنا کیریئر بنانے کے لیے ہنر سیکھنے اور آگے بڑھنے کا موقع ملے،اس کا مطلب ہے کہ ایک خاندان معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی حاصل کر سکے،اس کا مطلب ہے کہ کسان، مزدور، تاجر اور کاروباری افراد زیادہ اعتماد کے ساتھ مستقبل کی منصوبہ بندی کر سکیں،پاکستان کی طاقت کا اصل اندازہ اس بات سے ہوگا کہ ہماری قومی ترقی اس کے عوام کی زندگیوں میں کتنی بہتری لاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور ان کے حقوق کے لیے جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں،پاکستان جموں و کشمیر کے تنازع کے پ±رامن حل کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنی حمایت جاری رکھے گا۔انہوںنے کہاکہ اس موقع پر میں یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ تاریخی اختلافات کے باوجود ہم نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ افغانستان کی قومی خودمختاری کا احترام اور حمایت کی ہے اور ان سے بھی اسی طرح کے رویے کی توقع رکھتے ہیں۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ افغانستان کی موجودہ عبوری حکومت دہشت گرد گروہوں کے ایک مجموعے کو اپنی سرزمین استعمال کرنے اور پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے خلاف حملے کرنے کی اجازت دے رہی ہے اور ان کی حمایت کر رہی ہے۔ یہ بھی افسوسناک ہے کہ افغانستان کے طالبان حکمران پاکستانی شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے خلاف دہشت گرد حملوں میں بھارت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ وہ ایسا پاکستان کی امن کے قیام کی کوششوں سے توجہ ہٹانے کے لیے کر رہے ہیں، جنہیں پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔انہوںنے کہاکہ میں انہیں خبردار کرتا ہوں کہ پاکستانی عوام کے خلاف یہ شرپسندانہ کارروائیاں بند کریں اور سب کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی مسلح افواج ان مذموم عزائم کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس یومِ آزادی پر میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوںنے کہاکہ الّلہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے، ہمارے عوام کو امن اور خوشحالی عطا کرے، ہمارے ملک کو مضبوط بنائے اور بہتر مستقبل کی طرف ہماری رہنمائی فرمائے۔اپنے بیا ن میں وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور بیرون ملک مقیم تمام اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یومِ آزادی کی خوشیاں مبارک!،آج پاکستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے کے پ±رمسرت موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، صد شکر کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں مملکت خداداد کی صورت میں آزادی جیسی گرانقدر نعمت سے نوازا۔انہوںنے کہاکہ یہ امر ہمارے لئے باعثِ عزت و افتخار ہے کہ جدوجہد آزادی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال اور متعدد عظیم و بے مثل رہنمائ شامل تھے،آج ہم من حیث القوم تحریک آزادی کے قائدین، کارکنان اور اسلافِ ملت کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت،ہمارے آباو اجداد کی عظیم قربانیاں، تحریک آزادی کے رہنماوں کا غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کی بے پایہ فضل و کرم کی بدولت آزاد مملکت کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوا۔انہوںنے کہاکہ تحریک آزادی کے تمام رہنماو¿ں کی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نے مسلمانان ہند کو آزاد وطن کے نصب العین پر متحد کیا،ہمارے آباو اجداد نے لازوال قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کی داستان رقم کی اور جدوجہد آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔انہوںنے کہاکہ 14 اگست 1947ءکو ہمیں ایسی سر زمین میسر ہوئی جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے عزت و وقار اور دین و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی استوار کر سکیں۔ سرزمینِ پاکستان اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم کے نظریات کے تابع تمام شہریوں کے لئے بلا تفریقِ رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت ہے،آئین و قوانینِ پاکستان تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔انہوںنے کہاکہ آزاد مملکت کی ترقی و خوشحالی کا یہ سفر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آزمائشوں کے باوجود تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے،اہل وطن نے گزشتہ تمام تر مشکلات کے باوجود ہر شعبہ زندگی میں اپنی خداداد صلاحیتوں کی بدولت کامیابیاں سمیٹیں۔ انہوںنے کہاکہ دفاع وطن، معیشت، صنعت و حرفت، عدلیہ، میڈیا، کھیل، تعلیم و ہنر، علماء، دانشور، اساتذہ، سائنسدان، زراعت و کاشتکاری اور بشمول عصر حاضر کے جدید شعبہ جات میں پاکستانی مرد و خواتین نے اپنی کاوشوں سے عزم وہمت کے باب رقم کئے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے باصلاحیت نوجوان، ہنر مند افرادی قوت، بہترین پیشہ ور ماہرین، جفا کش کسان اور محنت کش مزدور ملک و قوم کے تابندہ مستقبل کے ضامن ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ہے اور اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے مسلسل اعتماد کا مظہر ہے۔انہوںنے کہاکہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے لیس، جدت سے آراستہ دیر پا صنعتی و زرعی ترقی، عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے، روزگار کے مواقع، عالمی معیار کا تعلیم وہنر کا نظام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہماری بہادر افواج نے ہر مشکل میں، دشمن کے ہر وار کے جواب میں مادر وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے،پاکستان اپنی جری افواج پر فخر کرتا ہے، معرکہ حق میں مسلح افواج نے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے دفاع اور سربلندی کی نئی تاریخ رقم کی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنے دفاع اور آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گاانہوںنے کہاکہ آج پاکستان اقوام عالم میں ایک مضبوط، پ±رعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پہچانا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ خطے کی مشکل اور چیلنجنگ علاقائی صورتحال میں پاکستان ایک ذمہ دار اور خطے میں استحکام کا ضامن ملک بن کر ابھرا ہے، جو امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مکہ مکرمہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار اور ابھرتی ہوئی قوت کا اہم مظہر ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان، مظلوم فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے اپنے بہنوں اور بھائیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور انکے لئے اپنی غیر متزلزل اصولی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کی ضمانت جموں وکشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، عالمی قوانین اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق سفارتی حل میں پوشیدہ ہے۔انہوںنے کہاکہ آج یوم آزادی پر قوم اپنے تمام شہداءکو بھی دلی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم بہادر افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دلیر جوانوں, غازیوں اور تمام شہداءکی مقروض ہے جنہوں نے قوم کے مستقبل کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔انہوںنے کہاکہ آئیے آج کے دن اپنے قومی عزم کی تجدید کریں کہ ہم یک جان ہو کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی وخوشحالی ،امن و استحکام اور باہمی ہم آہنگی اور یگانگت کے لیے بھرپور انداز میں کام کریں گے۔ آج میں پوری قوم بشمول تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو پ±رخلوص پیشکش کرتا ہوں کہ آئیں متحد ہو کر ملکی سالمیت ،قومی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لئے تعمیری کام کریں۔انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا میں عزت و وقار کی علامت بنائے اور کامیابیوں سے مزین درخشندہ مستقبل نصیب فرمائے، آمین!۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More