بدعنوانی کے خاتمہ میں طلبا ءکلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ڈی جی نیب بلوچستان
کوئٹہ،چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق اور انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی مہم کے تحت، قومی احتساب بیورو (بلوچستان)نے گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کوئٹہ کینٹ کے طلباءاور اساتذہ کے ایک وفد نے نیب بلوچستان کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت لیکچرر بی بی نصرت نے کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب (بلوچستان) نیاز حسن نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شفافیت کے عمل کو فروغ دینے میں اس طرح کے پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔وفد نے نیب بلوچستان کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نےنیب کے طریقہ کار، بشمول شکایات کی وصولی، انکوائری اور پراسیکیوشن کے عمل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب فرحان یوسف خان نے ” نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار” کے عنوان سے ایک معلوماتی لیکچر دیا۔ انہوں نے طلباءکی بدعنوانی کے خلاف کردار سازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ معاشرے سے کرپشن کے اس ناسور کے تدارک کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نیاز حسن اور ایڈیشنل ڈائریکٹر احتشام الحق نے طلباء سے مفصل گفتگو کی ۔ ڈائریکٹر جنرل نیب نے طلباءاور فیکلٹی ممبران کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں چیئرمین نیب کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب اپنی تمام تر صلاحیتیں کرپشن کے تداراک اور ایسی تدابیر پر صرف کرے گا جس کی دولت محکموں میں کرپشن کو پنپنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے نیب کی سہہ جہتی حکمت عملی اور انفورسٹمنٹ کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور نیب کے قانون اور اس کی ترامیم کے اہم حصوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباءاپنے اخلاق اور پیشہ ورانہ مہارت میں عبور حاصل کر کے بدعنوانی سے بہتر انداز میں نبردآزما ہو سکتے ہیں۔ یہ وصف اُن کے مستقبل میں قائدانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔دورے کا اختتام پر نیب بلوچستان کی طرف سے لیکچرر بی بی نصرت کو یادگاری شیلڈ دی گئی اور باہمی اظہار تشکر کیا گیا۔ آنے والے وفد نے نیب کے اس اقدام کو بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کی جانب انتہائی با مقصد اور اہم سنگ میل قرار دیا۔