dailyalraziquetta1.8
daily alrazi newspaper breaking urdu news quetta

فیلڈ مارشل سے بلوچستان کی اہم شخصیات و سیاسی قیادت کی ملاقات

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کے دوران صوبے میں پائیدار امن، استحکام، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت نے ملاقات کی ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے،دیرپا امن و استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کےلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے کے انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنے کےلئے ناگزیر ہے،بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کےلئے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کےلئے دشمن عناصر کے غیر ملکی پراکسیز ہیں، دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی روکنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل، فیصلہ کن اور بھرپور ردعمل سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔آرمی چیف نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سماجی رہنماﺅں کے امن، سماجی ہم آہنگی اور مثبت قومی مکالمے کے فروغ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا بلاجھجک اور جامع انداز میں مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے،جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب اور بلوچستان کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور عوام کی امنگوں کو اجاگر کیا جائے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ملاقات میں بلوچستان کی اہم شخصیات اور شرکا نے امن، ترقی اور خوشحالی کےلئے عزم کا اعادہ کیا اور غیر ملکی اسپانسرڈ خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران شرکاءنے عوام پر مرکوز ترقی کے ذریعے پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کے قیام کےلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ سچ غالب آئے گا جبکہ دشمن قوتوں کا جھوٹا بیانیہ اپنے ہی پروپیگنڈے اور فریب میں دفن ہو جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More