نئے صوبوں سے متعلق ریفرنڈم کے لیے ہوم ورک تیز ، 10سے 12صوبے بنانے کی تجویز
حکومت نے نئے صوبوں سے متعلق ریفرنڈم کے لیے تیاری تیز کردی ، آئین کے آرٹیکل 48کی شق 6کے تحت ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے لیے ہوم ورک تیز کردیا ہے اور نئے صوبوں کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ریفرنڈم کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے آئندہ اجلاس اس حوالے سے اہمیت اختیار کرگئے ہیں، آئین کے آرٹیکل 48کی شق 6کے تحت ریفرنڈم کرایا جاسکتا ہے۔وزیراعظم قومی اہمیت کے معاملے پر پارلیمنٹ میں قرارداد پیش کرکے ریفرنڈم کی اجازت حاصل کرسکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ میں نئے صوبوں کی مخالفت کے بعد ریفرنڈم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حکومت ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے حاصل کرکے سینیٹ انتخابات سے پہلے نئے صوبوں کے قیام کی جانب پیش رفت کرنا چاہتی ہے، سینیٹ انتخابات مارچ 2027ءکے پہلے ہفتے میں متوقع ہیں۔نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق ریفرنڈم کی آئینی اور قانونی حیثیت سے متعلق عدالت سے رجوع کیے جانے کا بھی امکان ہے، جبکہ نئے صوبوں کے معاملے پر حکومت مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔ذرائع کے مطابق ملک میں 10سے 12نئے صوبے بنانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت پنجاب کو چار جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو دو، دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں بھی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قرارداد منظور ہونے کا امکان ہے۔ حکومت اس معاملے پر سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔