بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسزکی کارروائیوں میں8دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 8 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر اور حوالدار شہید ہوگئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیراعظم شہبازشریف اورو زیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے سکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے،بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔ ہفتہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں،13 نومبر سے کالپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے،13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کالپور میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا،علاقے میں سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر گشت بھی جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبرکو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نےگشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، حملے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان نے جام شہادت نوش کیا۔ میجر عمر منہاس ناصر کا تعلق ضلع چکوال جبکہ حوالدار محمد عدنان خان کوٹلی ستیاں کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اور دیگر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی سے فتنہ الہندوستان ڈرونز، آئی ای ڈیز اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کر رہا ہے،بھارت فتنہ الہندوستان کو مکمل مالی معاونت اور جدید ترین آلات فراہم کر رہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بدلتے ہوئے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، دہشت گردوں کو کسی صورت کوئی جگہ نہیں دی جائے گی چاہے وہ کوئی بھی راستہ اختیار کریں، قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہےگی۔ دریں اثناءاپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں ۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے سکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔اپنے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے، ان موثر کارروائیوں کے نتیجے میں ایک خودکش بمبار سمیت آٹھ دہشت گرد جہنم واصل ہوئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔وزیرِ اعظم نے کوئٹہ-تفتان قومی شاہراہ (این -40) پر معمول کے گشت کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں، میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو بھی شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، تاہم ہماری مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ڈرون حملے میں شہید میجر عمر منہاس ناصر اور شہید حولدار عدنان خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وفاقی وزیرداخلہ نے شہید میجر عمر منہاس ناصر اور شہید حولدار عدنان خان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ میجر عمر منہاس ناصر اور حولدار عدنان خان نے فرض کی ادائیگی میں شہادت کا عظیم رتبہ پایا، شہید میجر عمر اور شہید حولدار عدنان کا عزم اور جذبہ ہی قوم کی اصل قوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے، شہدا ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےخودکش بمبار سمیت 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔