رکھنی: ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود رکھنی شہر میں گیس مہنگے داموں فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ایل پی جی کی قیمت میں 67 روپے فی کلو کمی کرتے ہوئے سرکاری نرخ 241 روپے فی کلو مقرر کیا گیا، تاہم رکھنی میں بعض ایل پی جی دکاندار مبینہ طور پر تاحال پرانے نرخوں پر گیس فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق رکھنی میں ایل پی جی 530 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ دوسری جانب ایل پی جی دکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے سرکاری ریٹ لسٹ جاری نہیں کی گئی، جس کے باعث قیمتوں کے تعین میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ رکھنی کے شہریوں نے کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بارکھان اور اسسٹنٹ کمشنر بارکھان سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
Category: بزنس
-

سونا مزید سستا ہوگیا، عالمی و مقامی مارکیٹوں میں ہزاروں روپے کی کمی
امریکا کی عالمی سطح پر ڈالر کی قدر بڑھانے کی غرض سے شرح سود میں اضافے، ٹرمپ کی امریکی گولڈ ایسیٹس کا آڈٹ کرانے کے احکامات اور ایچ ایس بی سی کی چین میں لوکل گولڈ ٹریڈنگ کی بندش کے باعث عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل برقرار ہے۔
آل پاکستان جیم جیولرز ایکسپورٹرز اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عمران ٹسوری کے مطابق مستقبل میں بھی گولڈ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا انحصار جیو پولیٹیکل صورتحال پر مبنی ہے جبکہ عالمی پلئیرز بھی سونے کے بجائے ڈالر کو مضبوط کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بدھ کو فی اونس سونے کی قیمت مزید 52ڈالر کی کمی سے 3ہزار 972ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 5ہزار 200روپے کی کمی سے 4لاکھ 19ہزار 636روپے کی سطح پر آگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت 4ہزار 458روپے کی کمی سے 3لاکھ 59ہزار 770روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 1ڈالر 07سینٹس کی کمی سے 57ڈالر 63سینٹس کی سطح پر آگئی۔
کمی کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 107روپے کی کمی سے 6ہزار 242روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 92روپے کی کمی سے 5ہزار 351روپے کی سطح پر آگئی۔
-

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر بند
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران ٹریڈنگ کا اختتام شاندار تیزی کے ساتھ ہوا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز 100 انڈیکس 3 ہزار 748 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد ایک لاکھ 84 ہزار 50 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 84 ہزار 233 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 80 ہزار 565 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 563 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، جن میں سے 297 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 171 کمپنیوں میں کمی جبکہ باقی کمپنیوں کے حصص میں استحکام دیکھا گیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دن بھر کے دوران 56 ارب روپے مالیت کے 93 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔
