Blog

  • وزیر دفاع کی سندھ طاس معاہدے سے متعلق ڈاکٹر وکٹرگاو کے بیان کی تائید

    وزیر دفاع کی سندھ طاس معاہدے سے متعلق ڈاکٹر وکٹرگاو کے بیان کی تائید

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے  ڈاکٹر وکٹر گاو کے بیان کو اپنے ایکس اکاونٹ پر شیئر کرتے ہوئے اسے پاکستانی موقف کی حمایت قرار دیا۔

    ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے انڈس واٹر ٹریٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے اس حصے میں کسی کو بھی پاکستان کے بنیادی مفادات بالخصوص اس کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے چین کے عزم پر شک نہیں ہونا چاہیئے۔

    ڈاکٹر وکٹرگاو نے کہا کہ اس نشست کے تناظر میں دریائے سندھ کے آزادنہ بہاؤ پر پاکستانی عوام کے حق کو بھی مسلم سمجھا جانا چاہیئے۔

  • سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے 4 ڈرونز مار گرائے

    سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے 4 ڈرونز مار گرائے

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا ہے کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے بلوچستان میں سرحد پار ڈرونز پروازیں ہوئیں جس پر پاکستان نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ڈرون مار گرائے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان رجیم نے اپنی زیر انتظام سر زمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ سرپرستی کے تسلسل میں بلوچستان کی سرحد کی جانب 4 ابتدائی نوعیت کے ڈرون بھیجے، پاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے ان تمام ڈرونز کی فوری نشاندہی کر لی۔

    جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید دفاعی اقدامات کے ذریعے چاروں ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا، بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث مبینہ طور پر دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائیوں کا مقصد اپنی حکومت کے زیرِ اثر مشکلات کا شکار افغان عوام کی توجہ ہٹانا ہے، افغان طالبان کو یہ احساس کرنا چاہیے کہ ان کا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل افغان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کو اپنے عوام کو ایسے اقدامات اور بیانات کے ذریعے مطمئن کرنے کی کوشش کرنے کی بجائے دہشت گردی کی سرپرستی ترک کرنی چاہیے اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔

    ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ اگر افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی یا سرحد پار کارروائیاں جاری رکھیں تو انہیں ایسا مؤثر جواب دیا جائے گا جس کی انہیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی، پاکستان کی مسلح افواج ملک کے چپے چپے کے دفاع کیلئے مکمل طور پر چوکس اور ہر وقت تیار ہیں۔

    پاک فوج کے ترجمان ادارے کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے یا عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سرحد پار مہم جوئی یا اشتعال انگیزی کا فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب آپریشن غضب للحق کے تحت دیا جاتا رہے گا۔

  • سونا مزید سستا ہوگیا، عالمی و مقامی مارکیٹوں میں ہزاروں روپے کی کمی

    سونا مزید سستا ہوگیا، عالمی و مقامی مارکیٹوں میں ہزاروں روپے کی کمی

     

    امریکا کی عالمی سطح پر ڈالر کی قدر بڑھانے کی غرض سے شرح سود میں اضافے، ٹرمپ کی امریکی گولڈ ایسیٹس کا آڈٹ کرانے کے احکامات اور ایچ ایس بی سی کی چین میں لوکل گولڈ ٹریڈنگ کی بندش کے باعث عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل برقرار ہے۔

    آل پاکستان جیم جیولرز ایکسپورٹرز اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عمران ٹسوری کے مطابق مستقبل میں بھی گولڈ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا انحصار جیو پولیٹیکل صورتحال پر مبنی ہے جبکہ عالمی پلئیرز بھی سونے کے بجائے ڈالر کو مضبوط کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بدھ کو فی اونس سونے کی قیمت مزید 52ڈالر کی کمی سے 3ہزار 972ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت 5ہزار 200روپے کی کمی سے 4لاکھ 19ہزار 636روپے کی سطح پر آگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت 4ہزار 458روپے کی کمی سے 3لاکھ 59ہزار 770روپے کی سطح پر آگئی۔

    اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 1ڈالر 07سینٹس کی کمی سے 57ڈالر 63سینٹس کی سطح پر آگئی۔

    کمی کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 107روپے کی کمی سے 6ہزار 242روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 92روپے کی کمی سے 5ہزار 351روپے کی سطح پر آگئی۔

  • امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات بدستور جاری ہیں، جے ڈی وینس کا بڑا دعویٰ

    امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات بدستور جاری ہیں، جے ڈی وینس کا بڑا دعویٰ

    امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی نوعیت کے مذاکرات بدستور جاری ہیں اور یہ بات چیت پہلے سے جاری سفارتی عمل کی بنیاد پر آگے بڑھ رہی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان تکنیکی سطح پر رابطے اور مذاکرات جاری ہیں جن کا مقصد پہلے سے طے شدہ امور پر پیش رفت کو آگے بڑھانا ہے۔

    انہوں نے دوحہ میں جاری ممکنہ مذاکرات سے متعلق ایران کی عوامی سطح پر تردید پر بھی تبصرہ کیا۔ جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک ایران کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات مذاکراتی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جسے انہوں نے ’فارسی طرزِ مذاکرات‘ قرار دیا۔

    امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ تکنیکی مذاکرات کسی نئے مرحلے کا آغاز نہیں بلکہ پہلے سے جاری سفارتی عمل کا تسلسل ہیں، اور دونوں فریق مختلف تکنیکی معاملات پر رابطے میں ہیں۔

    ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کہہ چکے ہیں کہ امریکا کے ساتھ کسی حتمی معاہدے کے لیے باضابطہ مذاکرات کا مرحلہ ابھی شروع نہیں ہوا، تاہم ایران نے اس ہفتے دوحہ میں مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد سے متعلق تکنیکی بات چیت کے لیے ایک ماہر وفد بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔

     

    سیاسی مبصرین کے مطابق امریکا اور ایران کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ دونوں ممالک عوامی سطح پر مختلف مؤقف اختیار کر رہے ہیں، تاہم سفارتی رابطے اور تکنیکی مشاورت کا سلسلہ کسی نہ کسی شکل میں جاری ہے۔

    آنے والے دنوں میں دوحہ میں ہونے والی ممکنہ ملاقاتیں خطے کی صورتحال اور دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے اہم پیش رفت کا باعث بن سکتی ہیں۔

  • تباہ کن زلزلوں کے بعد وینزویلا کا آسمان مکمل سرخ ہوگیا

    تباہ کن زلزلوں کے بعد وینزویلا کا آسمان مکمل سرخ ہوگیا

    وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف علاقوں میں آسمان اچانک گہرے سرخ اور نارنجی رنگ میں تبدیل ہوگیا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔ غیر معمولی منظر نے شہریوں میں خوف، تجسس اور مختلف قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب وینزویلا حالیہ تباہ کن زلزلوں کے بعد بحالی کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔ آسمان کے سرخ رنگ کو دیکھ کر بعض افراد نے اسے آنے والی کسی نئی آفت یا قیامت کی نشانی قرار دیا، جبکہ متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس غیر معمولی منظر پر حیرت کا اظہار کیا۔

     

    ماہرین نے عوامی خدشات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ ایک قدرتی فضائی مظہر ہے، جسے مقامی طور پر “کاندیلازو” کہا جاتا ہے۔ ان کے مطابق غروبِ آفتاب کے وقت سورج کی روشنی فضا میں موجود گرد، باریک ذرات اور صحارا کے صحرائی غبار سے گزرتی ہے، جس کے باعث سرخ اور نارنجی شعاعیں زیادہ نمایاں ہو جاتی ہیں۔ اس عمل کو سائنسی زبان میں رے لی اسکیٹرنگ کہا جاتا ہے۔

     

    ماہرین نے مزید کہا کہ اس سرخ آسمان کا حالیہ زلزلوں سے براہِ راست کوئی سائنسی تعلق ثابت نہیں ہوا۔ اگرچہ زلزلوں کے بعد فضا میں گرد و غبار کی مقدار بڑھنے سے رنگ زیادہ نمایاں دکھائی دے سکتا ہے، تاہم اسے کسی نئی قدرتی آفت کی علامت سمجھنا درست نہیں۔

     

     

    https://www.instagram.com/reel/DaPiN1XOd4w/?utm_source=ig_web_copy_link&igsh=MzRlODBiNWFlZA%3D%3D

     

     

    واضح رہے کہ وینزویلا گزشتہ چند روز سے شدید زلزلوں کے باعث بڑے انسانی اور مالی نقصان کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔ ایسے ماحول میں سرخ آسمان کی تصاویر نے عوامی توجہ مزید اپنی جانب مبذول کرا لی ہے، تاہم سائنس دانوں نے لوگوں سے افواہوں پر یقین نہ کرنے اور صرف مستند معلومات پر انحصار کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • پی پی کو آزاد کشمیر میں بڑا جھٹکا: سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس پارٹی رکنیت سے مستعفی

    پی پی کو آزاد کشمیر میں بڑا جھٹکا: سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس پارٹی رکنیت سے مستعفی

    سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو بھجوا دیا ہے، سردار تنویر الیاس آزاد کشمیر میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید ناراض تھے۔

    ذرائع نے بتایا کہ انہیں وسطی باغ سے پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا جس پر انہوں نے اپنے حلقوں سے ٹکٹ نہ ملنے پر تحفظات کا اظہار بھی کیا تھا۔

    دوسری جانب ذرائع کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ سردار تنویر الیاس اپنی قریبی سیاسی ساتھیوں سے مشاورت کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ جلد پریس کانفرنس کے ذریعے اپنے آئندہ سیاسی لائحۂ عمل کا اعلان کریں گے۔

    علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے دیرینہ کارکنوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو پرانے کارکنوں پر فوقیت نہیں دی جائے گی۔

    ذرائع نے کہا کہ ٹی ٹکٹ خالصتاً میرٹ پر دیے جائیں گے، جبکہ ٹکٹوں سے محروم رہنے والے دیرینہ کارکنوں کو منانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

    مزید برآں پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سے متعلق بیانات دینے پر سردار تنویر الیاس کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جائے گا۔

  • پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر بند

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر بند

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران ٹریڈنگ کا اختتام شاندار تیزی کے ساتھ ہوا۔

    کاروباری ہفتے کے تیسرے روز 100 انڈیکس 3 ہزار 748 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد ایک لاکھ 84 ہزار 50 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

    کاروبار کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 84 ہزار 233 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 80 ہزار 565 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔

    مارکیٹ میں مجموعی طور پر 563 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، جن میں سے 297 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 171 کمپنیوں میں کمی جبکہ باقی کمپنیوں کے حصص میں استحکام دیکھا گیا۔

    پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دن بھر کے دوران 56 ارب روپے مالیت کے 93 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا۔

  • توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی سوشل میڈیا پر نکاح کی زیرِ گردش خبروں کی تردید

    توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی سوشل میڈیا پر نکاح کی زیرِ گردش خبروں کی تردید

    حال ہی میں فرح سعدیہ اور توثیق حیدر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ بعض یوٹیوبرز محض زیادہ ویوز اور سنسنی پھیلانے کے لیے ایسی بے بنیاد خبریں نشر کر رہے ہیں۔

     

    اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ تو ہم خوشی خوشی شادی کر چکے ہیں، ہم خود یہ خبر آپ تک پہنچانا چاہتے تھے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے نام نہاد پیشہ ور اور نہایت محنتی یوٹیوبرز نے پہلے ہی یہ خبر بریک کر دی۔

     

    توثیق حیدر نے مزید کہا کہ جب میں صبح اٹھا تو معلوم ہوا کہ میری فرح سے شادی ہو چکی ہے، شادی کی تصویر بھی کمال کی تھی، میں بڑا خوبصورت دلہا لگ رہا تھا اور ہمیں دلہا دلہن بنا کر پیش کیا گیا تھا، اگر آپ نے اس خبر سے 2 لاکھ روپے کما لیے ہیں تو کم از کم 50 ہزار روپے سلامی ہی بھیج دیں، آخر آپ ہماری وجہ سے اتنی آمدنی حاصل کر رہے ہیں، تو یہ ایک اچھا کاروباری معاہدہ بھی ہو سکتا ہے۔

     

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنی زندگی سے خوش ہیں، میں نے غیر شادی شدہ رہ کر یہ سیکھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے، جبکہ فرح نے شادی کے بعد یہ سیکھا کہ یہ ہمارے لیے موزوں نہیں۔

     

    فرح سعدیہ نے بھی اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ خبر سن کر حیران رہ گئی، مجھے یقین ہی نہیں آیا، انہیں ہمیں بھی سلامی دینی چاہیے کیونکہ وہ ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں چلا کر اپنے چینلز چلا رہے ہیں، یہ مناسب طرزِ عمل نہیں ہے۔ ہماری فیملیز، بچے اور والدین ہیں اور لوگ ہم سے اس حوالے سے سوالات کرتے ہیں۔

     

    انہوں نے کہا کہ خدارا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، دوسروں کی ذاتی زندگیوں کے بجائے اپنی زندگی پر زیادہ توجہ دیں، ہم اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے

  • ایم باپے کا میگا ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں دوسرا نمبر

    ایم باپے کا میگا ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں دوسرا نمبر

    ایم باپے کے دو گول اُنہیں مزید ریکارڈ کے مالک بنا گئے، اب وہ فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر گول کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

     

    اُنہوں نے جرمنی کے سابق فٹ بالر میروو سلاو کلوزے کے 16 گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، 18 گولز کے ساتھ وہ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی سے صرف ایک گول پیچھے رہ گئے ہیں، میسی کے مجموعی گولوں کی تعداد 19 ہے۔

     

    اس کے علاوہ وہ جاری ورلڈ کپ میں چھ گول اسکور کرچکے ہیں، یعنی وہ اس ورلڈ کپ میں چھ گول کرنے والے میسی کے برابر آگئے ہیں اور گولڈن بوٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوچکے ہیں۔

     

    ایم باپے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، ناک آؤٹ راؤنڈ میں ان کے گول کرنے کی تعداد دس ہوگئی ہے۔

  • سہیل آفریدی کا صحافیوں کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے پر اتفاق

    سہیل آفریدی کا صحافیوں کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے پر اتفاق

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت آزاد، ذمہ دارانہ اور خودمختار صحافت کے فروغ کے ساتھ صحافیوں کو محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

     

    انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ میڈیا کالونیز کے قیام، فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

     

    وزیراعلیٰ کے مطابق پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپے، صوبے بھر کے ضلعی پریس کلبوں کی بحالی کے لیے 30 کروڑ روپے اور انفارمیشن سیکٹر میں جدت و ترقی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

     

    انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کی مالیت 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔

     

    وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیا اداروں کو سرکاری اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کارکن صحافیوں کے واجبات اور کم از کم اجرت کی ادائیگی سے مشروط بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اداروں کی ترقی کے ساتھ کارکن صحافیوں کے بہتر حالاتِ کار اور فلاح و بہبود بھی حکومت کی ترجیح ہے۔

     

    انہوں نے نیو پشاور ویلی سٹی میڈیا انکلیو کے منصوبے پر صحافیوں کو اعتماد میں لینے اور قواعد و ضوابط کے مطابق پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی، جبکہ صحافیوں کے لیے مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی بھی ہدایت جاری کی۔

     

    اس موقع پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو پریس کلب کے دورے اور نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کی دعوت بھی دی۔